Time 20 مئی ، 2024
دنیا

سعودیہ، امارات اور ترکیہ سمیت روس کی ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں تعاون کی پیشکش

یورپی کمیشن نے بھی صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے سیٹلائٹ میپنگ سروس ایکٹیویٹ کر دی—فوٹو: ارنا
یورپی کمیشن نے بھی صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے سیٹلائٹ میپنگ سروس ایکٹیویٹ کر دی—فوٹو: ارنا

سعودی عرب، قطر، ترکیہ، عراق، متحدہ عرب امارات اور روس نے ایران کو حادثے کا شکار ہونے والے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں تعاون کی پیشکش کر دی ہے جبکہ یورپی کمیشن نے بھی ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے سیٹلائٹ میپنگ شروع کر دی ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق روس نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش اور واقعے کی وجوہات کی تفتیش کیلئے ہر قسم کی مدد کی پیش کش کی ہے۔

دوسری جانب یورپی کمیشن نے بھی صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے سیٹلائٹ میپنگ سروس ایکٹیویٹ کر دی ہے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق یورپی کمیشن نے سیٹلائٹ میپنگ سروس ایکٹیویٹ کرنے کا یہ قدم ایران کی درخواست پر اٹھایا ہے۔

خیال رہے کہ ایران کے نائب صدر برائے ایگزیکٹوامور محسن منصوری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے وفد میں شامل دو افراد کے ریسکیو ٹیم سے رابطہ کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

ایران کے نائب صدر برائے ایگزیکٹو امور محسن منصوری کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی جگہ کا بھی تعین کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں صدر رئيسی کے ساتھ ایرانی وزير خارجہ حسین امیرعبداللہیان، مشرقی آذر بائيجان کے گورنر مالک رحمتی اور ایرانی سپریم لیڈر کے ترجمان بھی سوار تھے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج سمیت 40 ٹیمیں ریسکیو کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم شدید بارش اور دھند کے سبب ریسکیو حکام کو جائے حادثہ پر پہنچانے میں مشکلات درپیش ہیں۔ ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے ڈرون سے بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں پیش آيا جہاں صدررئیسی ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز جا رہے تھے۔

ڈیم کی افتتاحی تقریب میں آذربائیجانی صدر نے بھی شرکت کی تھی۔

مزید خبریں :