Time 21 مئی ، 2024
دنیا

انٹار کٹیکا کی سمندری برف میں ریکارڈ کمی موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے، تحقیق

یہ بات ایک نئی تحقیق مین بتائی گئی / رائٹرز فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق مین بتائی گئی / رائٹرز فوٹو

براعظم انٹار کٹیکا کی سمندری برف میں 2023 کے دوران بے نظیر کمی کو ریکارڈ کیا گیا تھا اور ایسا موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہوا۔

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔

برٹش انٹارکٹک سروے (بی اے ایس) کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ انٹار کٹیکا کی برف میں آنے والی کمی موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے اور قدرتی حالات میں ایسا ہونا لگ بھگ ناممکن تھا۔

تحقیق کے دوران 18 موسمیاتی ماڈلز کو استعمال کرکے یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ انٹار کٹیکا کی سمندری برف میں کمی میں موسمیاتی تبدیلیوں نے کس حد تک کردار ادا کیا۔

محققین نے بتایا کہ 2023 میں انٹار کٹیکا ی سمندری برف میں ہونے والی کمی موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے، قدرتی طور پر اس کا امکان 2 ہزار برسوں میں ایک بار ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں مستقبل میں اس طرح برف کی کمی کا امکان بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹار کٹیکا کی سمندری برف میں آنے والی ریکارڈ کمی کے اثرات طویل المعیاد ہوں گے۔

محققین کے مطابق ہم نے دریافت کیا کہ اس طرح کی کمی کے بعد انٹار کٹیکا کی سمندری برف اگلے 20 برسوں میں بھی دوبارہ ریکور نہیں ہو سکے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اگر سمندری برف آئندہ چند برسوں میں بڑھنا شروع ہوئی تو بھی اس کی مقدار گزشتہ دہائیوں کے مقابلے میں کافی کم ہوگی۔

اس کے نتیجے میں خطے میں رہنے والے جانداروں جیسے وہیلز اور پینگوئن پر منفی اثرات مرتب ہوں ے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے 20 برسوں تک سمندری برف کی سطح می کمی سے مقامی اورعالمی موسم پر بھی اثرات مرتب ہوں گے۔

خیال رہے کہ انٹار کٹیکا کی سمندری برف 26 لاکھ اسکوائر کلومیٹر کی کمی دیکھنے میں آئی تھی۔

یہ رقبہ پاکستان سے 3 گنا بڑا یا ارجنٹینا کے برابر سمجھا جا سکتا ہے۔

انٹار کٹیکا کی سمندری برف زمین کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ وہ سورج کی حرارت کو واپس خلا میں پلٹا دیتی ہے اور پانی کو ٹھنڈا رکھتی ہے۔

اس برف کے بغیر ہمارا سیارہ بہت زیادہ گرم ہو سکتا ہے۔

انٹار کٹیکا میں حالیہ دہائیوں کے دوران سمندری برف کی سطح میں ریکارڈ اضافے اور کمی دونوں رجحان دیکھنے میں آئے، جس دوران سائنسدانوں کے لیے یہ سمجھنا مشکل تھا کہ ایسا عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے ہو رہا ہے یا کسی اور وجہ سے۔

مگر 2016 سے سائنسدان برف کی سطح میں کمی کے رجحان کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور ان کے خیال میں اس براعظم کی برف غائب ہونے کی ذمہ دار موسمیاتی تبدیلیاں ہیں۔

مزید خبریں :