23 مئی ، 2024
واٹس ایپ میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک دلچسپ فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں واٹس ایپ میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پہلے کمپنی کی جانب سے ایپ کے ڈیزائن کو تبدیل کیا گیا پھر اے آئی اسٹیکرز اور دیگر متعدد ٹولز اور فیچرز متعارف کرائے۔
اب میٹا کی زیر ملکیت کمپنی میں ایک ایسا اے آئی فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو صارفین کو پروفائل فوٹوز تیار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
Wabetainfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے نئے اینڈرائیڈ بیٹا (beta) ورژن میں اے آئی پروفائل فوٹوز کا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئے بیٹا ورژن سے عندیہ ملتا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے مزید اے آئی فیچرز پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کے لیے ایپ کے استعمال کا تجربہ زیادہ بہتر بنایا جاسکے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس نئے فیچر سے صارفین کو ایسی تخلیقی اے آئی پروفائل فوٹوز بنانے کی سہولت ملے گی جو ان کی شخصیت سے مماثلت رکھتی ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے تحت صارفین اے آئی امیج جنریٹر کو لکھ کر ہدایات دیں گے اور وہ اس کے مطابق پروفائل فوٹو تیار کرے گا۔
اس فیچر سے صارفین کو پروفائل کے لیے اچھی تصویر کھینچنے یا تلاش کرنے کے لیے وقت ضائع نہیں کرنا پڑے گا بلکہ یہ کام اے آئی ٹیکنالوجی خود کرے گی۔
اس فیچر سے صارفین کی پرائیویسی کو بھی تحفظ ملے گا کیونکہ اے آئی پروفائل فوٹو کو کسی غلط کام کے لیے استعمال کرنا مشکل ہوگا۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ اس فیچر کے لیے کونسا اے آئی ماڈل استعمال کیا جائے گا۔
اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ اس فیچر کو کب تک متعارف کرایا جا سکتا ہے کیونکہ ابھی اس پر کام جاری ہے۔