Time 24 مئی ، 2024
صحت و سائنس

روزانہ چند ہزار قدم چلنا صحت کیلئے زیادہ مفید ہے یا ہر ہفتے 150 منٹ ورزش کرنا؟

روزانہ چند ہزار قدم چلنا صحت کیلئے زیادہ مفید ہے یا ہر ہفتے 150 منٹ ورزش کرنا؟
ایک طبی تحقیق میں اس سوال کا جواب دیا گیا / فائل فوٹو

ایسا کہا جاتا ہے کہ روزانہ 7 سے 10 ہزار قدم چلنے سے امراض قلب، ذیابیطس ٹائپ 2 اور دیگر بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

مگر طبی ماہرین کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ کی معتدل ورزش کرنا ضروری ہے، یعنی قدموں کی تعداد کی بجائے وہ منٹوں کو ترجیح دیتے ہیں۔

تو کیا واقعی ورزش کے منٹ قدموں کی تعداد کے مقابلے میں صحت کے لیے زیادہ بہتر ہوتے ہیں؟

ایک نئی طبی تحقیق میں اس کا جواب دیا گیا ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ 7 سے 10 ہزار قدم چلنا یا ہر ہفتے 150 منٹ کی معتدل ورزش، دونوں سے امراض قلب سے متاثر ہونے اور کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

امریکا میں ہونے والی اس تحقیق کے مطابق یہ آپ پر ہے کہ ورزش کریں یا چلنا عادت بنائیں، دونوں ہی صحت کے لیے لگ بھگ ایک جیسے مفید ہوتے ہیں۔

بریگھم اینڈ ویمنز ہاسپٹل کی اس تحقیق میں 62 سال یا اس سے زائد عمر کی 15 ہزار صحت مند خواتین کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

ان خواتین کو ٹریکرز پہنا کر 7 دن تک جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

ان سے 2011 سے 2015 کے دوران ہر سال سوالنامے بھروائے گئے تاکہ ان کی صحت کا علم ہوسکے۔

اس کے بعد ان خواتین کی صحت کا جائزہ 2022 تک لیا گیا۔

محققین نے دریافت کیا کہ ورزش کرنے یا قدم چلنے دونوں سے خواتین کی صحت کو فائدہ ہوا اور امراض قلب یا کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ گھٹ گیا۔

تحقیق کے مطابق جو خواتین جسمانی طور پر زیادہ متحرک ہوتی ہیں، ان میں امراض قلب یا کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 30 سے 40 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ قدموں کی تعداد اور ورزش کے منٹوں دونوں سے صحت پر لگ بھگ ایک جیسے اثرات مرتب ہوئے۔

محققین نے بتایا کہ یہ ایک مشاہداتی تحقیق تھی تو اس کے نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیقی کام کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر طرح کی جسمانی سرگرمیاں صحت کے لیے مفید ہوتی ہیں، تو اگر آپ زیادہ چلتے ہیں تو اس سے بھی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

اسی طرح اگر ہر ہفتے مخصوص وقت تک ورزش کرتے ہیں تو بھی مختلف امراض سے بچنا ممکن ہو جاتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جاما انٹرنل میڈیسن میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :