Time 26 مئی ، 2024
پاکستان

افغانستان بشام حملے میں ملوث دہشت گردوں کیخلاف مقدمہ چلائے یا ہمارے حوالےکرے: وزیر داخلہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےکہا ہےکہ بشام میں چینی انجینئرز  پرحملہ کالعدم ٹی ٹی پی نے کیا، تمام شواہد موجود ہیں کہ بشام حملے کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوئی، افغانستان دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ چلائے یا انہیں ہمارے حوالے کرے۔

لاہور  میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چین اور  پاکستان کے تعلقات ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک مختلف فورمز  پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، وہ ہماری بہتری اور ہم ان کی بہتری کے لیےکام کرتے ہیں، پاکستان میں چینی شہریوں پر حملے کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوئی۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، چینی شہریوں پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ حملہ کیا گیا، تمام شواہد موجود ہیں کہ بشام واقعہ کالعدم ٹی ٹی پی نے کیا، ثبوت دیے جانے کے باوجود اب تک افغان حکومت نےکوئی جواب نہیں دیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت سے ٹی ٹی پی کی قیادت گرفتار کرنےکی درخواست کی ہے، ہم افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، جو ملک پاکستان کو ترقی کرتے نہیں دیکھ سکتا وہ ٹی ٹی پی کو سپورٹ کرتا ہے، افغانستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن یہ اسی صورت ممکن ہےکہ وہ تعاون کریں، افغانستان دہشت گردوں کے خلاف ٹرائل کرے یا انہیں ہمارے حوالے کرے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی سرحدوں پر سکیورٹی بڑھائی ہے، حکومت بخوبی جانتی ہے کہ کونسی طاقتیں امن خراب کرنا چاہتی ہیں ، چینی شہریوں کی سکیورٹی ہمارے لیے بہت ضروری ہے، چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :