29 مئی ، 2024
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن نے ایف آئی اے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کروانے کا مطالبہ کر دیا۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ شیخ مجیب اور سقوطِ ڈھاکا کی ویڈیو بانی پی ٹی آئی نے اداروں کو بلیک میل کرنے کے لیے جاری کی ، بانی پی ٹی آئی کسی سیاست دان یا جنرل کے نہیں، پاکستان کے خلاف ہیں، ایف آئی اے عمران خان کے خلاف ایکشن لے ۔
کراچی میں شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جیل میں قید شخص انٹرویو دے رہا ہے، پارٹی ٹکٹ دے رہا ہے، جیل میں قید شخص سے منسوب بیان گمراہ کن ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ جیل میں قید شخص پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، جیل میں بیٹھے شخص کے انٹرویو بھی چل رہے ہیں،آرٹیکل بھی چھپ رہے ہیں،غلط ویڈیوز چلاکر ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی لڑائی صرف پاکستان سے ہے، یہ شخص جیل میں بیٹھ کر حکومت بھی بنارہا ہے سارے کام کر رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کل پاکستان کےخلاف گھناؤنی سازش کی گئی، عمران خان نے ویڈیو سوشل میڈیا پر لگائی اور شیخ مجیب کو ہیرو قرار دیا، سانحہ 1971 میں پاکستان دولخت ہوا یہ شخص اس پر بھی سیاست کر رہا ہے۔
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اس شخص نے پولیس ججز اور اداروں کو دھمکیاں دیں، یہ شخص اقتدار میں تھا تو تب ایسی باتیں کیوں نہیں کرتا تھاجو آج کر رہا ہے، بھارت میں خوشی منائی جا رہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی فوج اور ملک کو تقسیم کر رہا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ابھی تو بہت سے مقدمات بانی پی ٹی آئی کے خلاف بنے ہی نہیں، اس شخص نے اربوں روپے کے قرضے معاف کیے، ملک کی معیشت اور نسل کو تباہ کیا، حکیم سعید نے بھی اس شخص کے بارے میں بہت پہلے قوم کو بتا دیا تھا، ڈاکٹر اسرار احمد نے بھی اس سارے منصوبے کے بارے میں بتا دیا تھا۔