Time 29 مئی ، 2024
کھیل

شہر کے اب بھی 150 گراؤنڈ چائنا کٹنگ کی نذر ہیں: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

شہر کے اب بھی 150 گراؤنڈ چائنا کٹنگ کی نذر ہیں: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب
فوٹو: رپورٹر

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے انکشاف کیا ہے کہ شہر کے ابھی بھی 150 گراؤنڈ چائنا کٹنگ کی نذر ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے آل پاکستان محمد ماجد اینڈ عبدالناصر باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال بعد کراچی میں باسکٹ بال کا ایک بڑا میلہ سجایا گیا ہے۔ شہر کے باہر سے آنے والی تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور کھیلوں کے تمام آرگنائزر کو آفر کرتا ہوں کہ اسپورٹس کے فروغ کیلئے کے ایم سی ہر ممکن سپورٹ کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ باسکٹ بال کے کھیل کو آگے بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر شہر کے گراؤنڈز کے حوالے سے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق شہر کے 150 گراؤنڈ چائنا کٹنگ کی نذر ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ 1994 میں کے ڈی اے نے ان اسکیموں کو نوٹیفکیشن کے ذریعے کے ایم سی کو ٹرانسفر کر دیا لیکن پزیشن ہینڈ اوور نہیں ہوئی اس کا فائدہ درمیان میں بیٹھے ہوئے لوگوں نے اٹھایا وہ چائنا کٹنگ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

میئر کراچی نے کہا کہ اس معاملے کو انہوں نے وزیر بلدیات کے سامنے اٹھایا ہے، جلد عمل درآمد ہوگا تاکہ وہ گراؤنڈ کے ایم سی منتقل ہوجائیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آج بھی نارتھ کراچی کا ایک میدان 1974 میں کے ڈی اے کے نوٹیفکیشن کے ذریعے کے ایم سی کو دیا گیا تھا مگر علاقے کا ٹاؤن افسر کہتا ہے وہ زمین اس کی ہےجبکہ کچھ پرائیویٹ افراد کہتے ہیں یہ زمین تو ان کی ہے۔

میئر کراچی  نے مزید کہا کہ یہ جو بندر بانٹ ہوئی ہے اس کے خلاف سب کو سیسا پلائی دیوار بن کے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، یہ میدان شہر کے عوام کی ملکیت ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ لیاری سے لیکر ابراہیم حیدری اور ملیر تک کھیلوں کا جال بچھایا گیا ہے جہاں معیاری اسپورٹس کھیلی جا رہی ہے۔

انہوں نے میئر کپ کرانے کا بھی اعلان کیا جس میں تمام اسپورٹس کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :