29 مئی ، 2024
وفاقی حکومت نے پاکستان کی ٹاپ خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کو خواتین کی تعلیم کیلئے خیر سگالی کا سفیر مقرر کردیا ہے۔
نائلہ کیانی پاکستان کی ٹاپ ماؤنٹنیئر ہیں، وہ دنیا میں 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سر کرنیوالی واحد پاکستانی خاتون ہیں۔
3 سال قبل کوہ پیمائی کا کیریئر شروع کرنیوالی نائلہ کیانی نے تیزی سے نہ صرف بلند ترین چوٹیاں سر کیں بلکہ شہر کی بلندیوں پر بھی پہنچیں ۔
وزارت فیڈرل ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق نائلہ کیانی بطور خیر سگالی سفیر لڑکیوں کی تعلیم کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے پراجیکٹس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گی ۔
نائلہ کیانی کا کہنا ہے کہ ملک میں خواتین کی تعلیم کیلئے کردار ادا کرنا فخر کی بات ہے کیوں کہ ملک کی ترقی کیلئے واحد راہ تعلیم ہے ، ان کی کوشش ہوگی کہ ایسے اقدامات ہوں جس سے ملک کی ہر لڑکی کو تعلیم یافتہ بنانے میں مدد ملے۔