30 مئی ، 2024
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ رفح پر اتوار کی شب کیے گئے اسرائیلی حملے میں امریکی ساختہ بم استعمال کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے مقام سے ملنے والے گولہ بارود کے باقیات امریکی ساختہ بم GBU-39 کے تھے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس بم کی شناخت ملبے میں پائے جانے والے عناصر کی بدولت ہوئی، بم کے ٹکڑوں کو نمبروں کی سیریز سے بھی شناخت کیا گیا۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ نمبروں کی سیریز امریکی ریاست کولوراڈو کی اسلحہ کمپنی کو دیے گئے کوڈ کی ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کی شب اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کی جانب سے محفوظ قرار دیے گئے بے گھر فلسطینیوں کی خیمہ کیمپ پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 75 سے زائد فلسطینی زندہ جل کر شہید اور درجنوں جھلس کر زخمی ہو گئے تھے۔
اسرائیلی بمباری سے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں آگ لگ گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں آگ میں جھلسنے کی وجہ سے شہادتیں ہوئیں، شہدا میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، پناہ گزین کیمپ میں شمالی غزہ سے بے دخل فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں مقیم ہے۔
فلسطینی حکام کا کہنا تھا کہ رفح میں کیمپ پر 900 کلو سے زائد وزنی بموں کا استعمال کیا گیا۔