30 مئی ، 2024
پاکستان کا دوسرا کمیونی کیشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم 1 آج خلاء میں بھیجا جائے گا۔
پاکستان کی تاریخ میں آج ایک اور اہم دن ہے کیونکہ سپارکو کی جانب سے پاکستان کا دوسرا کمیونی کیشن سیٹلائٹ خلاء میں بھیجا جارہا ہے جو پاکستان کے مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔
سیٹلائیٹ کی خاصیت
5 ٹن وزنی سیٹلائٹ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے، اس سیٹلائٹ کے ذریعے پاکستان کے طول و عرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی۔
اس کے علاوہ سیٹلائٹ زمین سے 36 ہزار کلومیٹر کی اونچائی پر مدار میں داخل کیا جائے گا، اس کو زمین سے مدار تک پہچنے میں 3 سے 4 روز لگ سکتے ہیں۔
مزید برآں سیٹلائٹ ای کامرس، ای گورننس کے علاوہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اسی حوالے سے جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں ڈائریکٹر سپارکو شفاعت علی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سیٹلائٹ پورے پاکستان کے مواصلاتی نظام میں بہتری لائے گا اور اس کی مدد سے ٹیلی کام آپریٹر کو مضبوط سگنل حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی فائبر کے ذریعے ڈیٹا کو منتقل کیا جاتا ہے، ہماری سیٹلائٹ ٹیلی کام آپریٹر کو سروسز فراہم کرے گی جس کے سبب فائبر اوپٹکس پر انحصار کم ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ سیٹلائٹ کو چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مدار میں بھیجا جائے گا۔
اس سے قبل رواں ماہ ہی پاکستان نے اپنے پہلے سیٹلائٹ مشن' آئی کیوب قمر' کو خلاء میں بھیجا تھا جو چاند کے مدار میں کامیابی سے داخل ہوا تھاجس نے چاند کی تصویر بھی جاری کی تھی۔