30 مئی ، 2024
بالی وڈ اداکارہ مادھوری ڈکشت اور بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی اہلیہ ریتیکا کو رفح کے حق میں چلائی جانے والی مہم سے متعلق پوسٹ شیئر کرنا مہنگی پڑگئی جس پر دونوں نے انسٹا اسٹوری ڈیلیٹ کردی۔
گزشتہ روز بالی وڈ اور ہالی وڈ اسٹارز سمیت متعدد معروف شخصیات نے ’آل آئیز آن رفح‘ کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے علاقے کی سنگین صورتحال بتانے کی کوشش کی۔
ممکنہ طور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ تصویر میں خیموں پر مشتمل ایک کیمپ کو دکھایا گیا ہے جس کے درمیان میں ’آل آئیز آن رفح‘ لکھا ہوا ہے۔
اس پوسٹ کا مقصد غزہ کی صورتحال پر دنیا کی توجہ مرکوز کرانا ہے اور جتنے زیادہ افراد اس تصویر کو شیئر کریں گے، اتنی زیادہ آنکھیں رفح کی صورتحال دیکھ کر اندازہ لگا سکیں گی کہ رفح کی صورتحال کیا ہے۔
ریتیکا اور مادھوری کی پوسٹ ڈیلیٹ
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما کی اہلیہ ریتیکا نے دنیا بھر کے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر کی جانے والی پوسٹ اپنے انسٹا اکاؤنٹ کی اسٹوری پر شیئر کی جسے سخت تنقید کے بعد اُنہیں ہٹانا پڑا۔
روہت کی اہلیہ کا غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اس پوسٹ کو شیئر کرنا ہی تھا کہ اُن پر انتہا پسند، تشدد پسند اور تعصب پسند بھارتیوں نے تنقید کی بوچھاڑ کر دی۔
دوسری جانب مادھوری ڈکشت نے بھی تنقید کے بعد آل آئیز آن رفح والی اسٹوری حذف کردی جس کے بعد کچھ صارفین نے ان پر ناراضی کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ 26 مئی کو رفح میں اسرائیلی فوج نے محفوظ قرار دیے گئے علاقے میں موجود کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 75 سے زائد فلسطینی زندہ جل کر شہید اور درجنوں جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی بمباری سے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں آگ لگ گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں شہادتیں آگ میں جھلسنے کی وجہ سے ہوئیں،پناہ گزین کیمپ میں شمالی غزہ سے بے دخل فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں مقیم تھی۔