Time 31 مئی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

ٹوئٹ ڈیک جیسا فیچر تھریڈز کے تمام صارفین کیلئے متعارف

ٹوئٹ ڈیک جیسا فیچر تھریڈز کے تمام صارفین کیلئے متعارف
کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ میٹا

ایلون مسک نے تو ٹوئٹ ڈیک کو عام افراد کی پہنچ سے دور کر دیا ہے مگر میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز میں اب آپ اس جیسے فیچر کو مفت استعمال کر سکیں گے۔

جی ہاں تھریڈز کا ویب ورژن اب صارفین کے لیے زیادہ کارآمد ہو جائے گا۔

میٹا کی جانب سے ٹوئٹ ڈیک جیسے فیچر کو صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

مئی کے شروع میں مختلف رپورٹس میں اس فیچر کی آزمائش کے بارے میں بتایا گیا تھا اور اب اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے تو اس کا کوئی نام نہیں رکھا گیا مگر صارفین نے اسے تھریڈز ڈیک قرار دیا ہے۔

تھریڈز ڈیک کے ذریعے آپ تھریڈز ہوم پیج پر 100 مختلف فیڈز کو پن کر سکتے ہیں جو کالم کی شکل میں نظر آئیں گی۔

تمام کالم خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہوں گے تاکہ نئی پوسٹس کو تلاش کرنے میں مشکل نہ ہو۔

خیال رہے کہ ٹوئٹ ڈیک جسے اب ایکس پرو کا نام دیا گیا ہے، تک رسائی ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے لیے ہی ممکن ہے۔

یہی وجہ ہے کہ میٹا کو توقع ہے کہ اس نئے اضافے سے ایکس کے مزید صارفین تھریڈز کا رخ کر سکتے ہیں۔

اس فیچر سے یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ میٹا کی جانب سے تھریڈز کو رئیل ٹائم انفارمیشن کے حصول کا زیادہ قابل اعتبار ذریعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل کمپنی کی جانب سے ریسنٹ ٹیب اور سرچ میں ٹرینڈنگ ٹاپکس جیسے فیچرز بھی متعارف کرائے گئے تھے۔

مگر بیک وقت متعدد فیڈز میں اپ ڈیٹس کو ٹریک کرنا صارفین کے لیے زیادہ کارآمد ہوگا۔

مزید خبریں :