31 مئی ، 2024
حیدرآباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔
کراچی کے سول اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج 9 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، دھماکے میں جاں بحق 5 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
حیدرآبادکے گنجان آباد علاقے پریٹ آباد میں گزشتہ روز ہونے والے سلنڈر کے دھماکے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہے، جاں بحق افراد کی نماز جنازہ پریٹ آباد عیدگاہ میں ادا کی گئی جس میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پریٹ آباد پہنچنے والے میئر حیدرآباد کاشف شورو، بلدیاتی افسران،ایس ایس پی حیدرآباد فرخ لنجار سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
دوسری جانب حیدرآباد میں گیس سلنڈر دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ شہر میں غیرقانونی طور پر قائم ایل پی جی سلنڈر کی دکانوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا۔
ڈپٹی کمشنر زین العابدین کے مطابق لطیف آباد یونٹ نمبر 4 میں غیر قانونی طور پر قائم ایل پی جی سلنڈرز کی 3 دکانوں کو سیل کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا جبکہ شہر کے گنجان آباد علاقوں میں قائم غیر قانونی 21 ایل پی جی فلنگ پوائنٹ سیل کیے جاچکے ہیں۔
واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہے۔
واضح رہے کہ حیدرآباد کے گنجان آباد علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں سلنڈر میں گیس بھرنے کے دوران دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی، آگ نے دکان کے بالائی حصے میں واقع گھر کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، واقعے میں تقریباً 60 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق ایک دھماکے بعد دکان مالک کو بچانے کیلئے لوگ دکان میں گئے تو دوسرا دھماکا ہوا جس سے زیادہ افراد زخمی ہوئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں