01 جون ، 2024
چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں اپ گریڈیشن کے حوالے سے کام شروع کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے کام کے لیے ابتدائی طور پر مین بلڈنگ سے دفاتر کی منتقلی کا کام شروع کیا گیا ہے جس کیلئے تمام ڈائریکٹرز اور ان کے شعبوں کو فار اینڈ بلڈنگ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران دفاتر کی منتقلی کا کام مکمل ہو جائے گا جس کے بعد مین بلڈنگ کو گرانے کا منصوبہ ہے، نئی عمارت کو جدید طرز پر گراؤنڈ کے قریب بنانے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مین بلڈنگ میں زیادہ تر ہوسپیٹلیٹی باکسز فرنٹ پر بنانے کا منصوبہ ہے جبکہ قذافی اسٹیڈیم کے عمران خان اور فضل محمود انکلوژر میں سیٹوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی، منصوبے کے مطابق شائقین کو بہتر ویو دینے کے لیے نئی اسکرینیں بھی نصب کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی کے نیشنل کرکٹ ارینا اور قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا اعلان کر چکے ہیں جس کے تحت تینوں اسٹیڈیمز میں شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش بڑھائی جائے گی۔
اپ گریڈیشن کا کام چیمپئینز ٹرافی 2025 کی وجہ سے کیا جا رہا ہے، چیمپئینز ٹرافی آئندہ برس فروری مارچ میں 3 وینیوز پر شیڈولڈ ہے لیکن 6 ماہ کے دوران اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنا پی سی بی کے لیے بڑا چیلنج ہو گا۔
اپ گریڈیشن کے لیے غیر ملکی کنسلٹنٹ اور ڈیزائنرز کی خدمات لی گئی ہیں جبکہ اپ گریڈیشن کے دوران انٹرنیشنل میچز کے لیے پلان بھی تیار کیا جا رہا ہے۔