01 جون ، 2024
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا کے انتخابات کا ساتواں اور آخری مرحلہ مکمل ہوتے ہی اپنی فتح کا دعویٰ کردیا۔
بھارت میں لوک سبھا (ایوان زیریں) کے ساتویں اورآخری مرحلے کیلئے 8 ریاستوں کی 57 نشستوں پر ووٹنگ کے بعد انتخابات کا مرحلہ ختم ہوگیا۔
ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے تک جاری رہا۔ سات مراحل میں ہوئے انتخابات کے نتائج کا اعلان 4جون کو کیا جائے گا تاہم سرویز ایجنسیز اور بھارتی میڈیا کی جانب سے ایگزٹ پول جاری کردیے گئے ہیں۔
ری پبلک بھارت میٹرکس کی جانب سے جاری کردہ ایگزٹ پول کے مطابق حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور دیگر جماعتوں کے اتحاد پر مشتمل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو 543 میں سے 353 سے 368 نشستیں ملنے کا امکان ہے جبکہ کانگریس پر مشتمل اتحاد ’انڈیا‘ کو 118 سے 133 نشستیں مل سکتی ہیں اور دیگر کو 43 سے 48 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔
ایگزٹ پول کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرکے حکمران اتحاد کی کامیابی کا دعویٰ کردیا۔
اپنی ٹوئٹ میں نریندر مودی کا کہناتھاکہ بہت اعتماد سے کہہ سکتاہوں کہ بھارت کی عوام نے ریکارڈ تعداد میں حکمران اتحاد کو دوبارہ منتخب کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موقع پرست اپوزیشن اتحاد ووٹروں سے جُڑنے میں ناکام رہا، اپوزیشن اتحاد ذات پرست، فرقہ پرست اور بدعنوان ہے۔
خیال رہے کہ لوک سبھا کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کی صورت میں نریندر مودی مسلسل تیسری بار وزیراعظم منتخب ہوں گے۔