Time 02 جون ، 2024
انٹرٹینمنٹ

فلم دھوم کے ڈائریکٹر نے شاہ رخ کی ’پٹھان‘ کو اپنی فلم کی نقل' قرار دیدیا

فلم دھوم کے ڈائریکٹر نے شاہ رخ کی ’پٹھان‘ کو اپنی فلم کی نقل قرار دیدیا
بلکل ایکشن کے نام پر لوگوں کو کچرا دکھایا جارہا ہے: دھوم فلم کے ایکشن ڈائریکٹر ایلن امین / فائل فوٹو

بالی وڈ کی بلاک بسٹر ایکشن فلم دھوم کے ڈائریکٹر نے شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کو 'جعلی اور نقل' قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھوم کے ایکشن ڈائریکٹر ایلن امین کا کہنا ہے کہ فلم پٹھان ان کی 2004 میں بنائی جانے والے فلم دھوم کی نقل کی گئی ہے۔

میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ایلن امین نے کہا کہ یہ فلم نقل لگ رہی ہے کیونکہ بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور جان ابراہم کے درمیان ہونے والے ایکشن سین کو ایسے ہی ترتیب دیا گیا ہے جیسے میں نے اپنی فلم دھوم میں ابھیشیک اور جان ابراہم کے ساتھ ترتیب دیے تھے۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لوگ اب ایکشن فلمیں دیکھ کر تھک چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اداکار اکشے کمار اور ٹائیگر شروف کی فلم 'بڑے میاں اور چھوٹے میاں' باکس آفس میں کامیابی سمیٹنے میں ناکام رہی۔

فلم دھوم کے ایکشن ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ اب ایکشن کے نام پر لوگوں کو کچرا دکھایا جا رہا ہے، جب آپ ایکشن کی بات کرتے ہیں تو اسے تھوڑا ہلکا کر کے دکھانے کی بھی ضرورت ہوتی ہے جیسے میں نے 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم دھوم 2 میں کیا تھا، اس فلم میں میں نے اداکار  ریتک روشن کو ہیلی کاپٹر سے چلتی ٹرین پر چھلانگ لگوائی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم کے سین کیلئے میں نے ایک بیس جمپر سے کہا کہ چھلانگ لگاؤ اور مجھے ٹرین پر اتر کر  دکھاؤ، اس نے آزمائشی بنیادوں پر چھلانگ لگائی اور ٹرین پر پاؤں چھوئے، تب میں نے محسوس کیا کہ یہ ممکن ہے اور اسی وجہ سے ہم نے وہ سین شوٹ کیا تھا، اگر کامیابی نہ ملتی تو ہم وہ سین نہ کرتے۔

مزید خبریں :