03 جون ، 2024
حیدرآباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے کا ایک اور زخمی کراچی میں چل بسا، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی جبکہ زیر علاج 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق حیدرآباد سلنڈر دھماکے کا زخمی برنس وارڈ کراچی میں زیر علاج تھا، زخمی سو فیصد جلی ہوئی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔
انتظامیہ کے مطابق اس وقت سول اسپتال کے برنس وارڈ میں 12 زخمی زیر علاج ہیں جن میں 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی۔
آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے، دھماکے اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، آگ کے باعث متعدد افراد بھی جھلس گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔