04 جون ، 2024
انسٹا گرام میں ایک ایسے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو صارفین کو بالکل پسند نہیں آئے گا۔
ایڈ بریک (ad break) نامی اس فیچر کے تحت میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ میں ایسے اشتہارات دکھائے جائیں گے جن کو اسکیپ (skip) کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
یہ بالکل یوٹیوب کے ان اشتہارات کی طرح کا فیچر ہے جن کو مکمل دیکھنا پڑتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اس فیچر کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا مگر اس کی آزمائش محدود صارفین میں کی جا رہی ہے۔
اس فیچر کے تحت 3 سے 5 سیکنڈز کے اشتہارات صارفین کو انسٹا گرام پر اسکرولنگ کے دوران دکھائے جائیں گے۔
ایک رپورٹ کے مطابق یہ انسٹا گرام پر اشتہارات دکھانے کا نیا انداز ہے اور اسکرولنگ سے پہلے صارفین کو مکمل اشتہار کو دیکھنا ہوگا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اس فیچر کی آزمائش محدود صارفین میں کی جا رہی ہے جن کے فیڈ بیک کے بعد اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
یوٹیوب میں تو اشتہارات سے بچنے کے لیے پریمیئم پروگرام کی سبسکرپشن کی پیشکش کی جاتی ہے مگر میٹا کا ایسا کوئی پروگرام نہیں۔
خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں میں انسٹا گرام کی جانب سے متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
ایڈ یورز میوزک، Reveal اسٹیکرز اور فریمز نامی فیچرز اب صارفین کو دستیاب ہیں جبکہ نوٹس فیچر کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔