Time 04 جون ، 2024
دنیا

بھارتی انتخابات میں ’اب کی بار 400 پار‘ کا دعوٰی کرنے والے مودی کو دھچکا، بھاری اکثریت نہ لے سکے

بھارتی انتخابات میں ’اب کی بار 400 پار‘ کا دعوٰی کرنے والے مودی کو دھچکا، بھاری اکثریت نہ لے سکے
ایگزٹ پولز کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، موجودہ انتخابات میں بی جے پی 50 سے زائد نشستیں کھوچکی، این ڈے اے کیلئے 300 کا ہندسہ بھی عبور کرنا مشکل ہوگیا— فوٹو: فائل

بھارت کے ایوان زیریں لوک سبھا کے انتخابات میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے 24 جماعتی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے بھاری اکثریت سے جیت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

لوک سبھا کے ساتویں اورآخری مرحلے کیلئے 8 ریاستوں کی 57 نشستوں پر یکم جون کو ووٹنگ ہوئی تھی اور اس کے ساتھ ہی انتخابات کا مرحلہ ختم ہوگیا تھا۔

لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے بعد آج ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی نتائج کا اعلان کیا جا رہا ہے جس نے سب کو حیران کردیا۔

این ڈے اے کیلئے 300 کا ہندسہ بھی عبور کرنا مشکل 

لوک سبھا کی 543 نشستوں کے نتائج سامنے آنے کے بعد بھارتی میڈیا اور سرویز ایجنسیز کے ایگزٹ پول غلط ثابت ہوگئے اور بی جے پی اتحاد این ڈی اے بھاری اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کی سربراہی میں 24 جماعتی اتحاد این ڈی اے کو 292 نشستوں پر برتری حاصل ہے جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی 240سیٹیں شامل ہیں۔

بی جے پی نے انتخابی نعرہ ’اب کی بار 400 پار‘ لگایا تھا تاہم اب دائیں بازو کی جماعتوں کو 300 کا ہندسہ بھی عبور کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔

وہیں بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی 85 نشستیں جیت چکی اور 154 میں برتری حاصل ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کو موجودہ انتخابات میں 50 سے زائد نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑا اور 2019  کے انتخابات میں بی جے پی نے لوک سبھا کی 303 نشستیں جیتی تھیں۔

دوسری جانب کانگریس کی سربراہی میں 24 جماعتی اتحاد انڈیا 231 نشستوں پرآگے ہے۔ کانگریس اب تک 39 نشستوں پر کامیاب ہوچکی اور اسے 60 سیٹوں پر برتری حاصل ہے، سماج وادی پارٹی 38 اور آل انڈیا ترنمول کانگریس 29 نشستوں پر آگے ہے۔

اپوزیشن اتحاد کا اتر پردیش میں اپ سیٹ

کانگریس اتحاد نے بی جے پی کے گڑھ سمجھے جانے والی ریاست اتر پردیش میں اپ سیٹ کردیا اور 80 میں سے 44 نشستوں پر برتری حاصل کرلی جن میں 38 پر سماج وادی پارٹی اور 6 پر کانگریس آگے ہے جبکہ بی جے پی 32 سیٹوں پر آگے ہے۔

543 نشستوں کے ایوان میں حکومت سازی کیلئے 272 کا ہندسہ درکار ہے تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی کو اب تک کے نتائج کے مطابق سادہ اکثریت حاصل ہے اور حکمران جماعت کے ہی مسلسل تیسری بار اقتدار میں آنے کا امکان ہے۔

بھارتی اسٹاک مارکیٹ کریش اور روپیہ گرگیا

بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اتحاد  کی جانب سے بھاری اکثریت نہ ملنے پر اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی اور 4 سالوں کے دوران سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بمبئی اسٹاک ایکسچینج کا سینسیکس انڈیکس 4390 پوائنٹس کمی  کے بعد 72 ہزار 79 پوائنٹس پر آگیا۔

سرمایہ کاروں کے 30 لاکھ کروڑ بھارتی روپے ڈوب گئے۔

اس کے علاوہ سرکاری بینکوں،انفراسٹرکچر اورکیپٹل گڈز فرموں کے حصص میں گراوٹ دیکھی گئی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ بھارتی روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں کم ہوکر 83.14 ہوگئی۔

مزید خبریں :