05 جون ، 2024
بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیراعلیٰ اور شیو سینا (بال ٹھاکرے) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سادہ اکثریت چُوک گئی، مرکز میں حکومت بنائیں گے۔
بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے نتائج مکمل ہوگئے جس کے مطابق بی جے پی کی سربراہی میں 24 رکنی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے 292 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے اور اس میں سے بی جے پی کی 240 سیٹیں ہیں۔
کانگریس کی سربراہی میں بنے اپوزیشن اتحاد ‘انڈیا‘ نے 234 سیٹیں حاصل کی ہیں اور کانگریس 99 نشستوں پر کامیاب ٹھہری ہے۔
حکومتی اتحاد کو 534 کے ایوان میں 272 نشستوں کی سادہ اکثریت حاصل ہے اور مودی نے صدر سے لوک سبھا تحلیل کرنے اور حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
تاہم اس سب میں اپوزیشن اتحاد کی جماعت شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے حیران کن دعویٰ کیا ہے۔
گزشتہ شب پارٹی کی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی سادہ اکثریت چوک گئی ہے اور اپوزیشن اپنا وزیراعظم لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس اور دیگر اتحادیوں کی بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور تیلگو دیشم پارٹی کے سربراہ چندرابابو نائیڈو کے ساتھ اتحاد میں شمولیت کی بات چیت جاری ہے، یہ دونوں رہنما بی جے پی سے ناراض ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کیلئے چندرابابو نائیڈو اور نتیش کمار اہمیت اختیار کرگئے ہیں اور ان کو ملائے بغیر حکومت بنانا مشکل ہوگا۔
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس میں شامل بی جے پی کی 240، تیلگو دیشم پارٹی کی 16، نتیش کمار کی جنتا دل (یونائیٹڈ) 12، شیو سینا (شندے گروپ) 7 اور لوک جان شکتی پارٹی کی 5 نشستیں ہیں۔
وہیں اب دہلی میں این ڈی اے کا اجلاس ہوا جس میں چندرابابو نائیڈو اور نتیش کمار نے بھی شرکت کی اور اتحاد نے نریندر مودی کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا۔