06 جون ، 2024
وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق عمران خان سے جیل میں مختلف افراد کی اب تک 105 ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں وکلا تک رسائی نہ دینے اور قید تنہائی کے بیان کے جواب میں حکومت نے دستاویزات عدالت میں جمع کروائی ہیں جن کے مطابق عمران خان سے مختلف افراد کی ملاقاتوں کا یہ سلسلہ 28 ستمبر 2023 سے شروع ہوا،جو تاحال جاری ہے۔
دستاویزات کے مطا بق بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں 8 ماہ کے دوران 105 مرتبہ ملاقاتیں کرائی گئیں۔
بانی پی ٹی آئی سے 28 ستمبر 2023 کو 6 افراد نے ملاقات کی، اکتوبر 2023 میں بانی پی ٹی آئی سے 43 افراد نے 12 ملاقاتیں کیں۔
نومبر 2023 میں بانی پی ٹی آئی سے 52 افراد نے 13 ملاقاتیں کیں، دسمبر 2023 میں بانی پی ٹی آئی سے 48 افراد نے 13 ملاقاتیں کیں،جنوری 2024 میں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں 17 افراد نے 8 ملاقاتیں کیں۔
فروری 2024 بانی پی ٹی آئی سے جیل میں 74 افراد نے 19 ملاقاتیں کیں، مارچ 2024 میں بانی پی ٹی آئی سے 53 افراد نے 11 ملاقاتیں کیں۔
اپریل 2024 میں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں 54 افراد نے 15 ملاقاتیں کیں، مئی 2024 میں 56 افراد نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں 13 ملاقاتیں کیں۔
دستاویزات کے مطابق ملاقات کرنے والوں میں عمران خان کے وکلا، ان کی اہلیہ بشری بی بی، ان کی بہنیں اور کزن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور بھی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے مل چکے ہیں۔
سابق صدر مملکت عارف علوی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم کے علاوہ شوکت خانم اور پمز اسپتال کے ڈاکٹروں اور متعدد سیاست دانوں نے بھی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کی ہیں۔