07 جون ، 2024
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہےکہ میچ سے قبل اعظم خان کو کال پر کہا تھا کہ اگر پرفارم نہیں کرو گے تو تمہاری فٹنس پر بات آئےگی جب کہ شاداب کو خود کال اور میسجز کرکے ان کی غلطیوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ٹپس بھی دیں تھی۔
سابق کپتان کی اعظم خان کو کال
امریکا سے میچ میں شکست کے بعد نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے بتایا کہ جب بھی کوئی کھلاڑی مشکل وقت سے گزرہا ہو میں اسے بطور سینئر کال کرتا ہوں، کئی عرصے سے دیکھ رہا ہوں اعظم پر سوشل میڈیا پر بہت تنقید ہورہی ہے، میں ابھی انگلینڈ میں ہوں، اعظم خان کو کالز بھی کی، ان کو فون پر میرا یہی میسج تھا کہ آپ پرفارم نہیں کرو گے تو آپ کی فٹنس پر بات آئے گی، یہ بات میں اعظم سے 8،9 سالوں سے کہہ رہا ہوں کہ آپ اپنی فٹنس بہتر کریں۔
شاہد آفریدی کی شاداب خان کو کال
دوسری جانب شاہد آفریدی نے بتایا کہ انگلینڈ سے آخری میچ کے دوران میں نے خود شاداب کو کالز ، میسج اور ویڈیو کالز کرکے ان کی غلطیاں بتائیں، میں نے شاداب سے کہا تھا کہ مجھے آ پ میں پہلے والا شاداب نظر نہیں آرہا، میں نے شاداب سے پریکٹس کی ویڈیوز بھی منگوائی تھیں، ویڈیو دیکھنے کے بعد میں نے شاداب کو ٹپس دی تھیں اس کے بعد شاداب نے مجھے کہا تھا کہ ان کی بولنگ اور بیٹنگ میں بہتری آئی ہے، میں نے شاداب سے کہا تھا کہ آپ نے اب آگے بھی اسی پلان کو لے کر چلنا ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ یہی ہمارے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے ہی پرفارم کرنا ہے، ہمیں ابھی ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی، پھر چاہے وہ بابراعظم ہوں یا کوئی بھی کھلاڑی ہو ، ہم ورلڈکپ کے بعد ان کھلاڑیوں کی غلطیاں نکالتے رہیں گے۔