08 جون ، 2024
سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی امریکا کے ہاتھوں شکست پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹ اس دن سے تباہ ہونا شروع ہوئی جس دن سے نیا پاکستان بنا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’ ہارنا منع ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سکندر بخت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ ختم کرا دی اور صرف 6 ٹیمیں بنادیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا پاکستانی کرکٹ اس دن سے تباہ ہونا شروع ہوئی جس دن سے نیا پاکستان بنا۔
احمد شہزاد کی گفتگو
قومی کرکٹر احمد شہزاد نے پاکستان کی امریکا کے ہاتھوں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی امریکا سے شکست اپ سیٹ شکست نہیں، ہم آئرلینڈ، نیدر لینڈ، زمبابوے اور اب امریکا سب سے ہار چکے ہیں۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حال وہی ہونے والا ہے جو ہاکی ٹیم کا ہو گیا تھا، پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ تباہ ہوچکی، بنیاد مضبوط نہیں ہوتی تو ایسے ہی نتائج سامنے آتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اعظم خان سے فیلڈنگ کرانے کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی کرکٹ دفن ہو چکی ہے، میچ کی آخری گیند میں فیلڈر مڈ آن پر باؤنڈری لائن پر کیوں کھڑا نہیں کیا گیا۔
امام الحق کی گفتگو
امام الحق نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ابھی پاکستان کو بھارت کے خلاف بڑا میچ کھیلنا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں، سوشل میڈیا پر ٹرولنگ سے کھلاڑی پریشر میں آکر اچھا نہیں کھیل سکتا۔
عمران نذیر کی گفتگو
مزید برآں سابق کرکٹر عمران نذیر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حال ہاکی ٹیم جیسا ہوگا نہیں بلکہ ہاکی جیسا ہو چکا ہے۔