11 جون ، 2024
ایپل نے آئی فونز میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز متعارف کرانے کے لیے اوپن اے آئی سے اشتراک کرلیا ہے۔
اس بات کا اعلان ایپل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر کیا گیا۔
ایونٹ کے دوران جنریٹیو آرٹی فیشل انٹیلی جنس پراڈکٹس اور سروسز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی سے شراکت داری کی جا رہی ہے۔
ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے کہا کہ اے آئی کو آپ کو اور آپ کے معمولات، تعلقات، رابطوں اور دیگر کو سمجھنا چاہیے، اور اسی لیے ہم ایپل انٹیلی جنس متعارف کرا رہے ہیں۔
یہ پہلی بار ہے جب ایپل کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو اپنایا جا رہا ہے۔
ایپل کا نیا اے آئی سسٹم متعدد ٹولز پر مشتمل ہے جن کا مقصد ڈیوائسز پر آٹومیٹڈ اور پرسنلائزڈ تجربہ فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اے آئی ٹولز کو میک لیپ ٹاپس، آئی پیڈ ٹیبلیٹس اور آئی فونز میں آپریٹنگ سسٹمز کے ذریعے شامل کیا جائے گا۔
اے آئی ٹیکنالوجی کو ایپس کے اندر بھی استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
ایپل کے وائس اسسٹنٹ سری کو چیٹ جی پی ٹی کی ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے اور کمپنی کے مطابق اب یہ ڈیجیٹل اسسٹنٹ زیادہ بہتر کام کرے گا۔
سری ایپل ڈیوائسز کے اندر اے آئی چیٹ بوٹ کے طور پر کام کرے گا جبکہ ٹیکسٹ اور وائس ہدایات پر مختلف اقدامات کرسکے گا۔
ایپل کے مطابق یہ ڈیجیٹل اسسٹنٹ ای میلز، ٹیکسٹ اور تصاویر میں مخصوص تفصیلات بھی تلاش کرسکے گا۔
ایپل انٹیلی جنس کو نوٹیفکیشنز، ای میلز اور ٹیکسٹ کی سمری تیار کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
ایپل کی ڈیوائسز میں ایک نیا اے آئی امیج جنریشن ٹول بھی متعارف کرایا جائے گا۔
ایپل کی جانب سے رچ کمیونیکیشن سروسز کو بھی آئی او ایس کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا تاکہ آئی فونز اور اینڈرائیڈ فونز کے درمیان میسجنگ کو بہتر بنایا جاسکے۔
ٹم کک نے بتایا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کو ڈیوائسز کا حصہ بناتے ہوئے صارفین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
اے آئی ٹولز اور فیچرز کو آئی فونز، آئی پیڈز اور میک لیپ ٹاپس کے نئے آپریٹنگ سسٹمز کا حصہ بنایا بنایا جائے گا۔