Time 12 جون ، 2024
کھیل

ٹی20 ورلڈکپ: کینیڈا سے جیت کے بعد پاکستان کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے چانسز کیا ہیں؟

ٹی20 ورلڈکپ: کینیڈا سے جیت کے بعد پاکستان کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے چانسز کیا ہیں؟
فوٹو: فائل

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے کینیڈا کے خلاف جیت حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتا تو کھول لیا لیکن اب بھی اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے آخری میچ میں جیت کے ساتھ اسے دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا ہوگا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم نے منگل کو اپنا تیسرا اور اہم میچ نیویارک میں کینیڈا کے خلاف کھیلا جس میں کینیڈا کو 7 وکٹ سے شکست ہوئی۔

کینیڈا نے پاکستان کو جیت کے لیے 107 رنز کا ہدف دیا تھا، قومی ٹیم کو نیٹ رن ریٹ میں امریکا سے آگے نکلنے کے لیے یہ ہدف 13 اعشاریہ 5 اوور میں پورا کرنا تھا تاہم پاکستانی بیٹرز سست روی کے باعث ایسا نہ کرسکے اور 14 اوور میں 81 رنز ہی بناسکے۔

البتہ قومی ٹیم نے 107 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 17 اعشاریہ 3 اوور میں مکمل کیا۔

کینیڈا سے جیت کے بعد پاکستان کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے چانسز کیا ہیں؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 5 ٹیموں پر مشتمل ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ورلڈکپ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے قومی ٹیم کو نا صرف اگلا میچ جیتنا ضروری ہیں بلکہ اس کے ساتھ امریکا کی بھارت اور آئرلینڈ سے شکست کی دعا بھی کرنا ہوگی کیونکہ امریکا نے اگر مزید ایک پوائنٹ بھی حاصل کرلیا تو پاکستان کا سفر یہی ختم ہوجائے گا۔

ٹی20 ورلڈکپ: کینیڈا سے جیت کے بعد پاکستان کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے چانسز کیا ہیں؟
فوٹو: اسکرین شاٹ

گروپ اے میں بقیہ میچز  کے مندرجہ ذیل نتائج پاکستان کو اگلے مرحلے میں پہنچا سکتے ہیں۔ 

12 جون: بھارت بمقابلہ امریکا ( بھارت  جیت جائے)

14 جون: آئرلینڈ بمقابلہ امریکا( آئرلینڈ جیت جائے)

15 جون: بھارت بمقابلہ کینیڈا( بھارت جیت جائے)

16 جون: پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ ( پاکستان جیت جائے)

اگر تمام نتائج مذکورہ منظر نامے کے مطابق آتے ہیں تو پاکستان کے 4 میچز میں 4 پوائنٹس ہوں گے جبکہ بھارت کے 8 پوائنٹس ہوں گے۔ 

امریکا گروپ اسٹیج  پاکستان کے ساتھ 4 پوائنٹس کے ساتھ ختم کرے گا جبکہ کینیڈا اور آئرلینڈ کے 2،2  پوائنٹس ہوں گے۔

یوں بھارت 8 پوائنٹس کے ساتھ براہ راست سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گا جبکہ امریکا اور پاکستان کے 4 پوائنٹس ہوں گے۔ اس صورت میں نیٹ رن ریٹ عمل میں آئے گا۔ تاہم گرین شرٹس کو چاہیے کہ وہ آئرلینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے فتح حاصل کرے اور یہ بھی امید کرے کہ امریکا بھارت اور آئرلینڈ سے کافی مارجن سے ہارے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں میزبان امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست ہوئی تھی جب کہ دوسرے میچ بھارت کے ہاتھوں 6 رنز سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں :