Time 12 جون ، 2024
پاکستان

نیب کا اربوں روپے کے شوگر اسکینڈل کا نوٹس، ملزمان کیخلاف تحقیقات شروع

نیب کا اربوں روپے کے شوگر  اسکینڈل کا نوٹس، ملزمان کیخلاف تحقیقات شروع
صادق آباد کے بڑے گوداموں میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کا انکشاف ہوا: ترجمان نیب/ فائل فوٹو

ڈی جی نیب لاہور  نے صادق آباد میں اربوں روپے کے شوگر  اسکینڈل کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ترجمان نیب لاہور نے بتایا کہ صادق آباد میں بڑے چینی ڈیلر کی جانب سے تاجروں کے اربوں روپے سمیت روپوش ہونےکی رپورٹ موصول ہوئی جس پر ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے فوری تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دی۔ 

ترجمان نیب کے مطابق چینی اسکینڈل کے مرکزی ملزم شیخ راشد اور شریک ملزمان  کاشف علی اور فیصل علی کے خلاف ڈائریکٹ انکوائری کا حکم دیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نیب تفتیشی ٹیم نے صادق آباد میں چھاپا مارا جہاں ملزمان کی جانب سے متعدد مقامات پر  بڑے گوداموں میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنےکا انکشاف ہوا،گوداموں کو چینی اسٹاک کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈی جی نیب لاہور کے احکامات پر تمام گوداموں اور دکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کو ملزمان کی جائیدادوں پر ریسیور کے طور  پر تعینات کر دیا گیا ہے۔