Time 14 جون ، 2024
کھیل

ورلڈکپ: سابق بھارتی بولر سپر 8 میں پاکستان کی جگہ امریکا کو دیکھنے کا خواہشمند

ورلڈکپ: سابق بھارتی بولر سپر 8  میں پاکستان کی جگہ امریکا کو دیکھنے کا خواہشمند
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے پہلے دو میچوں میں پاکستان کو امریکا اور بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا__فوٹو: فائل

بھارت کے سابق فاسٹ بولر سری سانتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کی جگہ امریکا کو دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے پہلے دو میچوں میں پاکستان کو امریکا اور بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم گرین شرٹس نیویارک میں کینیڈا کے خلاف یک طرفہ فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہے، اب ان کے سپر 8 میں جگہ بنانے کے امکانات مشکل ہیں۔

2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فتح ٹیم بھارت کا حصہ رہنے والے سری سانتھ نے کہا ہےکہ پاکستان کو اپنے پورے نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جس کی نشاندہی وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے کرکٹ لیجنڈز نے بھی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا پاکستان وہ چیزیں کررہا ہے جو اسے کرنی چاہئیں، وہ اپنی ڈومیسٹک لیگز پر توجہ نہیں دیتے، ان کے تمام لیجنڈز، جیسے وسیم بھائی اور  وقار یونس کہتے ہیں کہ انہیں پورے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ 

سری سانتھ کا کہنا تھاکہ میں پاکستان کو اگلے ورلڈکپ کے لیے صرف یہی کہوں گا کہ اگر وہ اب بھی ورلڈکپ کا حصہ بنے رہتے ہیں تو یہ ایک معجزہ ہوگا، مجھے نہیں لگتا کہ یہ آسان ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بارے میں ایک بات یہ ہے کہ ہر ٹیم پیپر پر مضبوط نظر آتی ہے، اگر ہم منصوبہ بندی اور عملدرآمد کی بات کریں تو امریکی ٹیم گزشتہ دو سالوں میں اپنی منصوبہ بندی اور اس پر عملدرآمد کی وجہ سے اچھی رہی اور اس نے سخت محنت کی۔

سابق پیسر کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں امریکی ٹیم سپر 8 میں کھیلے کیونکہ وہ اس کے مستحق ہیں، انہوں نے سپر 8 کا حصہ بننے کے لیے کافی سے زیادہ محنت کی ہے۔

گروپ اے کی ٹیموں کے درج ذیل نتائج ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان کی کوالیفائی کو یقینی بنائیں گے۔

جون 14: امریکا بمقابلہ آئرلینڈ۔۔۔ پاکستان کو آئرلینڈ کی جیت درکار

جون 15: کینیڈا بمقابلہ بھارت۔۔۔ پاکستان کو بھارت کی جیت درکار

جون 16: آئرلینڈ بمقابلہ پاکستان۔۔۔ پاکستان کو جیت درکار

مزید خبریں :