14 جون ، 2024
مصری خاتون ماڈل نے شادی کے دوسرے روز شوہر کے گنجا نکلنے پر طلاق لے لی۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون کی وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی مؤکلا کو شادی تک دلہا کے گنجا ہونے سے لاعلم رکھا گیا، ان کی مؤکلا مصری ماڈل ہیں جب کہ ان کا شوہر پیشے کے لحاظ سے انجینئر ہے، خاتون کے شوہر نے منگنی کے روز بھی گنجا ہونے کی بات منگیتر سے چھپائی حتیٰ کہ شادی تک لڑکے کے گنجا ہونے کی بات کو ان کی مؤکلا سے خفیہ رکھا گیا۔
خاتون وکیل کا کہنا ہے کہ شادی کے دن دلہا نے وگ پہن کر تقریب میں شرکت کی تاہم شادی کے اگلے ہی روز دلہا کے گنجا نکلنے پر دلہن صدمے کا شکار ہوگئی جس کے بعد ان کی مؤکلا نے اپنے شوہر سےبال نہ ہونے کی بات خفیہ رکھنے پر سوال کیا جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
خاتون نے شوہر پر دھوکے کا الزام عائد کرتے ہوئے طلاق کا مطالبہ کردیاجس پرشوہر نے بیوی پر تشدد کرتے ہوئے طلاق دینے سے انکار کردیا۔
شوہر کی ہٹ دھرمی پر خاتون شادی کے چند ہی روز بعد سسرال سے میکے چلی آئیں اور خلع کا دعویٰ دائر کردیا۔
عدالت نے جوڑے کے درمیان خلع کا حکم جاری کردیا لیکن خاتون کو تاحال سامان واپس نہیں کیا گیا۔