Time 14 جون ، 2024
کھیل

کپتان سمیت 6، 8 افراد کے ٹولے کا احتساب کرنے کا وقت آ گیا: احمد شہزاد

کپتان سمیت 6، 8 افراد کے ٹولے کا احتساب کرنے کا وقت آ گیا: احمد شہزاد
بابر اعظم اور محمد رضوان سب سے بڑے ذمہ دار ہیں، پاکستان ٹیم کو ذاتی سنگ میل لے ڈوبی ہے، ٹیم بننے ہی نہیں دی گئی: سابق کرکٹر— فوٹو: اسکرین گریب

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آج آئرلینڈ اور امریکا کے درمیان گروپ اے کا اہم میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا جس کے بعد پاکستان سپر 8 مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگیا اور امریکا اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔

اس حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر احمد شہزاد کا کہنا تھاکہ پاکستان ٹیم کو ذاتی سنگ میل لے ڈوبی ہے، ٹیم بننے ہی نہیں دی گئی، چیئرمین نئے ہیں، ان کے دو فیصلے غلط ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان سمیت 6، 8 افراد کے ٹولے کا احتساب کرنے کا وقت آ گیا ہے، 6، 8 افراد کے ٹولے نے پاکستان ٹیم کو یہاں تک پہنچا دیا۔

ان کا کہناتھاکہ درست مشورہ دینے والوں کو فوکس کرنے کی ضرورت ہے، بابر اعظم اور محمد رضوان سب سے بڑے ذمہ دار ہیں، ان تمام کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کی طرف بھیجنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ بابر اور رضوان کے ذاتی ریکارڈز نے پاکستان ٹیم کو تباہ کر دیا، بابراعظم کو دوبارہ کپتان بنانا بہت بڑی غلطی تھی، میچ ہارنے کے بعد صرف یہی کہا جاتاہےکہ غلطیوں سےسیکھ رہےہیں، کب سیکھیں گے آپ غلطیوں سے؟

احمد شہزاد نے مطالبہ کیا کہ یہ جو6 سے 8 کا گروپنگ والا ٹولا ہے اس کو ٹیم سے نکالیں، اب بھی ٹولےکےخلاف کریک ڈاؤن نہیں کیا توپھرٹیم نہیں بن سکےگی۔

خیال رہے کہ لاڈرہل فلوریڈا میں ہونے والا یہ اہم میچ بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہا اور ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔

امریکا اور پاکستان کے درمیان میچ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 10 بجے ( پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 7 بجے) شروع ہونا تھا۔ تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے میچ پہلے کافی تاخیر کا شکار ہوا اور پھر منسوخ کردیا گیا۔

بارش کی وجہ سے کھیل نہیں ہوا اوردونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا جس کے بعد گروپ اے میں امریکا 5 پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ گیا جبکہ پاکستان اپنے گروپ کا آئرلینڈ کے خلاف آخری میچ کھیلنے سے پہلے ہی ورلڈکپ سے باہر ہوگیا۔

مزید خبریں :