Time 15 جون ، 2024
جرائم

کراچی میں پان کی دکان سے لوٹ مار کے الزام میں ڈی ایس پی معطل

کراچی میں پان کی دکان سے لوٹ مار کے الزام میں ڈی ایس پی معطل
فوٹو: فائل

کراچی میں پان کی دکان سے لوٹ مار کے الزام میں ڈی ایس پی ظفر جاوید کو معطل کردیا گیا۔

ڈی ایس پی ظفر جاوید بیٹے سمیت  پان کی دکان میں لوٹ مار کے الزام میں گرفتار ہیں۔

آئی جی سندھ نے ڈی ایس پی ظفر جاوید کو معطل کردیا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کو  اس معاملے میں انکوائری افسر  مقرر کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی سی آئی اے کو 15 دن میں مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

خیال رہےکہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں 2 روز قبل پان شاپ میں لوٹ مار کی واردات کا مقدمہ پان شاپ کے مالک کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں پولیس موبائل میں آئے سادہ لباس افراد نے پان کے کیبن میں لوٹ مار کی اور فرار ہوگئے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔

دکاندار نے بتایا کہ اس واردات میں اسے 70 ہزار روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے، یہی لوگ رواں ماہ کی 2 تاریخ کو بھی مجھ سے لوٹ مار کرکے گئے، کیبن میں آتے ہی انہوں نے مجھے باہر جانے کا کہا، میں نے انکار کیا تو موبائل چھین لیا۔

مزید خبریں :