Time 16 جون ، 2024
انٹرٹینمنٹ

عالیہ بھٹ کی ایک اور ڈیپ فیک ویڈیو وائرل، صارفین کو اے آئی پر شدید تشویش

عالیہ بھٹ کی ایک اور ڈیپ فیک ویڈیو  وائرل، صارفین کو اے آئی پر شدید تشویش
اس سے قبل بھی بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی دو ڈیپ فیک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں: فائل فوٹو

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی ایک اور ڈیپ فیک ویڈیو  سوشل میڈیا پر  وائرل  ہوگئی۔ 

عالیہ بھٹ کی نئی ڈیپ فیک ویڈیو میں انہیں "میرے ساتھ تیار ہوں" کے ٹرینڈ میں حصہ لیتے دکھایا گیا ہے جس میں وہ سیاہ کُرتا پہنے میک اپ کرتی ہوئی تیار ہو رہی ہیں۔ 

یہ پہلی دفعہ نہیں ہے کہ جب بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی ڈیپ فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہو، اس سے قبل بھی انکی دو ڈیپ فیک ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن میں سے ایک ویڈیو میں  بھارتی اداکارہ وامیقا گبی کا چہرہ عالیہ کے چہرے سے ملایا گیا تھا۔ 

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کے استعمال کرنے والوں نے عالیہ بھٹ کی وائرل ڈیپ فیک ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انسٹاگرام استعمال کرنے والے ایک صارف نے لکھا کہ " مصنوئی ذہانت (اے آئی) دن بدن خطرناک ہوتا جا رہا ہے"، ایک اور صارف نے لکھا کہ "مجھے اب اے آئی سے ڈر لگنے لگا ہے"۔

اس سے قبل بھی کئی مشہور بالی وڈ شخصیات کی ڈیپ فیک ویڈیوز  منظر عام پر آچکی ہیں جن میں کاجول، رشمیکا مندانا، کترینہ کیف، عامر خان، رنویر سنگھ اور دیگر شامل ہیں۔ 

واضح رہے کہ ڈیپ فیک ایک ایسی  ٹیکنالوجی ہے جس میں کسی فرد کے چہرے یا  آواز کو دوسرے شخص سے با آسانی بدلا جاسکتا ہے، جس سے لگتا ہے کہ وہ ایسے شخص کی ویڈیو  یا  آڈیو ہے جو دراصل اس کی ہوتی ہی نہیں۔

یہ ٹیکنالوجی 2019 میں مین اسٹریم کا حصہ بنی تھی اور ماہرین کے مطابق اس سے مصنوعی عریاں مواد تیار کر کے خواتین کو بلیک میل کیا جا سکتا ہے اور سیاسی تنازعات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

آغاز میں ڈیپ فیک تصاویر یا ویڈیوز کو آسانی سے پکڑا جاسکتا تھا مگر اب یہ ٹیکنالوجی زیادہ بہتر ہوگئی ہے اور اسے پکڑنا بھی مشکل ہو گیا  ہے۔

مزید خبریں :