07 فروری ، 2013
کراچی…معروف آرتھو پیڈک سرجن اور حق پرست صوبائی مشیر ڈاکٹر محمد علی شاہ کی میت کراچی میں واقع ان کے گھر نارتھ ناظم آباد منتقل کر دی گئی۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ کی میت کو وصول کر نے کے لیے کراچی ایئر پورٹ کارگو ٹرمینل پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر معروف قوال امجد صابری، انصار برنی، کرکٹر معین خان اور دیگر افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ایئر پورٹ سے ان کی میت کو خدمت خلق فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کے ذریعے ان کے گھر نارتھ ناظم آباد منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ مرحوم کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ بلاک ایف مکان نمبر 57 عقب فتح پارک نارتھ ناظم آباد سے دوپہر ایک بجے اْٹھایا جائے گا۔ مرحوم کی نمازجنازہ بعدنماز ظہر اصغر علی شاہ اسٹیڈیم نارتھ ناظم آبادمیں ادا کی جائے گی اور تدفین پاپوش نگر کے قبرستان میں کی جائے گی۔