Time 18 جون ، 2024
کھیل

سکندر بخت کی بابر پر تنقید، ہٹائے جانے سے قبل ہی پاکستانی ٹیم کی قیادت چھوڑنےکا مشورہ

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کے ٹیم کی پرفارمنس اور کھلاڑیوں کی اسکلز سے متعلق بیان کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔

گزشتہ روز قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور ٹیم کے اتحاد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا پاکستانی کھلاڑیوں کو شارٹ سلیکشن کے بارے میں پتہ ہی نہیں ہے کہ کس وقت کونسی شارٹ کھیلنی ہے۔

گیری کرسٹن کا یہ بھی کہنا تھا پاکستانی ٹیم میں بالکل بھی اتحاد نہیں ہے، کھلاڑی ایک دوسرے کو سپورٹ نہیں کرتے، بہت سی ٹیموں کی کوچنگ کی ہے لیکن جس طرح کی صورت حال پاکستانی ٹیم میں ہے ایسی کہیں بھی نہیں دیکھی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا ہم فٹنس لیول میں دنیا سے بہت پیچھے ہیں، جو کھلاڑی پرفارم کرے گا وہ ٹیم میں رہے گا اور جو نہیں کرے گا اس کی چھٹی ہو گی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گیری کرسٹن کے بیان پر ردعمل میں سکندر بجت کا کہنا تھا کہتے ہیں نا ابتدائے عشق ہے، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا، ابھی بہت سے لوگ آئیں گے جو کھل کر باتیں کریں گے اور ہمیں پتہ چلتا رہے گا۔

سکندر بخت کا کہنا تھا گیری کرسٹن نے جو باتیں کی ہیں کہ ان کے پاس شارٹ سلیکشن نہیں ہے، ہم نے دیکھا کہ رضوان نے بھارت کے خلاف جو شارٹ کھیلا، ٹیم میں اتحاد نہیں ہے، کھلاڑیوں کی فٹنس بھی نہیں ہے، تو یہ سارا قصور کس کا ہے، تو بلاشبہ یہ سارا قصور کپتان کا ہے کیونکہ ایک اچھا کپتان ٹیم میں اتحاد پیدا کر کے رکھتا ہے، ٹیم کو جوڑ کر رکھتا ہے، کھلاڑی ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، یہ سب کچھ کپتان کی وجہ سے ہوتا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا میرے خیال سے بابر اعظم کو خود ہی کپتانی چھوڑ دینی چاہیے اس سے پہلے کہ کرکٹ بورڈ انہیں ہٹا دے یا پھر ان سے کہے کہ آپ چھوڑ دیں، میں تو حیران ہوتا ہوں ان لڑکوں پر کہ ان میں اتنی عقل نہیں ہے اور نا ہی انہیں کوئی یہ بتانے والا ہے جو کہے کہ بیٹا تمھارے حالات اچھے نہیں ہیں تم استعفیٰ دیدو، اگر کرکٹ بورڈ کو پسند ہو گا تو وہ تمھیں دوبارہ کپتان بنا دے گا۔

یاد رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم امریکا اور بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سپر ایٹ مرحلے میں بھی پہنچنے میں ناکام رہی تھی۔

مزید خبریں :