Time 19 جون ، 2024
پاکستان

نیشنل گرڈ سے کے پی کی بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کر دوں گا، علی گنڈاپور کی دھمکی

نیشنل گرڈ سے کے پی کی بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کر دوں گا، علی گنڈاپور کی دھمکی
وزیراعظم کو آخری بار کہتا ہوں صوبے کا پیسہ دیں، ہمیں اپنا حق لینے سے کوئی نہیں روک سکتا، علی امین/  فوٹو: اسکرین گریب

وزیر اعلیٰ خیبر  پختونخوا علی امین گنڈاپور نے  ایک بار پھر  وفاقی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نیشنل گرڈ سے صوبے کی بجلی کم کی گئی تو  وہ نیشنل گرڈ سے بجلی بند کر دیں گے۔ 

ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور  کا کہنا تھا وفاق اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا اور  واپڈا کے پی کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے، 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کسی فیڈر سے نہیں ہونی چاہیے۔ 

علی امین گنڈاپور  نے کہا کہ مجھے پتا ہے کہ آپ کس طرح بیٹھے ہیں اور آپ کو کس طرح نکالنا ہے، یہ لوگ مینڈیٹ چوری کرکے حکومت میں بیٹھے ہیں، وفاق اپنا رویہ ٹھیک کر لے اور ہیمں مجبور نا کرے کہ اسے دھکے  دیکر نکالا جائے۔

وزیر اعلیٰ کے کا کہنا تھا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا مجھے آپ کی سپورٹ چاہیے، وفاق کے ذمہ ہمارے صوبے کے 16 ارب روپے واجب الادا ہیں، وزیراعظم کو آخری بار کہتا ہوں صوبے کا پیسہ دیں، ہمیں اپنا حق لینے سے کوئی نہیں روک سکتا۔  

قبل ازیں وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور  آج ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی بحال کرنے خود گرڈ اسٹیشن پہنچ گئے، انہوں نے اپنے اعلان کے مطابق لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے فکس کر دیا جبکہ  ایم پی اے فضل الہٰی  آج  پھر مظاہرین کے ساتھ دوبارہ پشاور کے  رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں پہنچے اور انہوں نے  زبردستی لاسز والے فیڈرز سے بجلی بحال کر دی۔ 


مزید خبریں :