19 جون ، 2024
بھارت میں معروف امریکی آن لائن کمپنی کی جانب سے آرڈر کیے گئے پارسل سے زہریلا سانپ نکل آیا۔
بھارتی میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹکا کے علاقے سرجا پور میں ایک فیملی جانب سے ایمازون پر ایکس باکس کا آرڈ کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جب آن لائن آرڈر گھر پہنچا تو گھر والوں کو پارسل میں کوئی ہلتی ہوئی چیز معلوم ہوئی اور جب گھر والوں نے پارسل کھول کر دیکھا تو دنگ رہ گئے۔
رپورٹ کے مطابق پارسل میں زندہ زہریلا سانپ دیکھ کر گھر والے ڈر گئے تاہم خوش قسمتی سے سانپ پارسل کی ٹیپ میں پھنسنے کی وجہ سے گھر والوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچا سکا۔
خیال رہے کہ بھارت میں آن لائن ڈیلیوری کے دوران اس طرح کی سنگین غلطی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، چند روز قبل آن لائن منگوائی گئی آئسکریم سے کن کھجورا نکل آیا تھا جبکہ اس سے پہلے بھی آن لائن منگوائی گئی آئسکریم سے انسانی انگلی برآمد ہوئی تھی۔