19 جون ، 2024
صوبہ خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے بحران پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور میں رابطہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے اپنے تحفظات سے وزیرداخلہ محسن نقوی کو آگاہ کیا۔
دونوں نے خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر 2 روزمیں مشاورت اور مذاکرات پراتفاق کیا اور کہا کہ افہام وتفہیم سے باہمی غلط فہمیاں دورکی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیرداخلہ کو گرڈ اسٹیشنز کی حفاظت اور تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھاکہ پوری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد حل ہو اور تمام وفاقی تنصیبات کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا تنازع شدت اختیار کر گیا اور صوبائی وزیر کے بعد وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور بھی بجلی بحال کرنے خود گرڈ اسٹیشن پہنچ گئے تھے۔
علی امین گنڈا پور اپنے علاقے کی بجلی بحال کرنے ڈی آئی خان گرڈ اسٹیشن پہنچے تھے اور انہوں نے اپنے اعلان کے مطابق لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے فکس کر دیا۔
اس موقع پر علی امین گنڈا پور کا کہنا تھاکہ اب کسی علاقے میں 12 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، اراکین اسمبلی اپنے علاقوں میں گرڈ اسٹیشنز کا دورہ کر کے لوڈ شیڈنگ شیڈول پر عملدرآمدکروائیں۔