Time 20 جون ، 2024
پاکستان

پختونخوا میں گرڈ اسٹیشنز پر دھاوے، وزیر توانائی نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے مدد مانگ لی

پختونخوا میں گرڈ اسٹیشنز پر دھاوے، وزیر توانائی نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے مدد مانگ لی
فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا میں گرڈ اسٹیشنز پر صوبائی اراکین اسمبلی کی قیادت میں دھاوے کے بعد وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے مدد مانگ لی۔

وزیر توانائی اویس لغاری کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ صورتحال بجلی عملے اور گرڈ اسٹیشنز کے لیے خطرے کا باعث ہے ، ذمہ دار شخصیات گرڈ اسٹیشن کے احاطے میں مظاہروں کی قیادت کررہی ہیں ، عملے کو غیر قانونی احکامات دیے جارہے ہيں اور پولیس ایف آئی آر درج نہيں کر رہی۔

خط میں کہا گیا کہ صوبائی اراکین اسمبلی اور دیگر نے گرڈ اسٹیشن عملے کو بجلی بحالی سے متعلق غیر قانونی احکامات دیے، ان فیڈرز پر بہت نقصانات اور بجلی چوری ہوتی ہے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ اس سے قانون کو ہاتھ میں لینے کے لیے دیگر اضلاع کے عوام کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گرڈز پر سخت سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے، غیر متعلقہ افراد کو گرڈز میں داخل ہونے سے روکا جائے۔

اس کے علاوہ خط کے ساتھ پیسکو چیف کی رپورٹ بھی منسلک کی گئی ہے۔

دوسری جانب موجودہ صورتحال پر وفاقی وزیر داخلہ  محسن نقوی اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے درمیان رابطہ  ہوا جس میں صوبے میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر اگلے دو روز میں مشاورت اور مذاکرات پر اتفاق ہوا۔

علی امین گنڈا پور نے محسن نقوی کو گرڈ اسٹیشنوں کے تحفظ کی یقین دہانی بھی کرادی۔

محسن نقوی نے بھی کہا کہ پوری کوشش ہے خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد حل ہو،تمام وفاقی تنصیبات کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا تنازع شدت اختیار کر گیا اور صوبائی وزیر کے بعد وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور بھی بجلی بحال کرنے خود گرڈ اسٹیشن پہنچ گئے تھے۔

علی امین گنڈا پور اپنے علاقے کی بجلی بحال کرنے ڈی آئی خان گرڈ اسٹیشن پہنچے تھے اور انہوں نے اپنے اعلان کے مطابق لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے فکس کر دیا۔

اس سے قبل پشاور میں ورسک روڈ پر لوڈ شیڈنگ کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا جبکہ رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی مظاہرین کے ساتھ  رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوئے اور زبردستی 4 فیڈرز سے بجلی بحال کر دی۔

ترجمان پیسکو کے مطابق رحمان بابا گرڈ اسٹیشن سے لائن لاسز والے 10 فیڈرز پر زبردستی بجلی بحال کرنے سے پیسکو کو 26 لاکھ 40 ہزار روپے کا نقصان ہوا۔

مزید خبریں :