پاکستان
07 فروری ، 2013

الیکشن کمیشن نے 35 ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنس مسترد کردیئے

الیکشن کمیشن نے 35 ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنس مسترد کردیئے

اسلام آباد…چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے ارکان پر مشتمل بینچ نے 35 ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنس مسترد کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق سفارتکار آصف ایزدی نے الیکشن کمیشن میں اراکین پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا جس میں الزام لگایا گیا کہ صوبائی اسمبلی کے 22اراکین دوہری شہریت کے حامل ہیں،الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز 35اراکین اسمبلی کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے نوٹس جاری کئے تھے۔ الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے ارکان پر مشتمل بینچ کے روبرو اراکین پنجاب اسمبلی اپنے وکلاء کے ساتھ پیش ہوئے اور اپنی دوہری شہریت کے حوالے سے جواب داخل کرایا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اراکین کے خلاف دائر ریفرنس خارج کردیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ آصف ایزدی کو ٹھوس شواہد کے ساتھ ریفرنس داخل کرانا چاہئے تھا ۔انہوں نے الیکشن کمیشن کا وقت ضائع کیا ہے۔ ریفرنس مسترد ہونے کے بعد رکن پنجاب اسمبلی زعیم قادری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنس مسترد کرنے پر ہم الیکشن کمیشن کے ممنون ہیں۔ تمام اراکین جن کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا آصف ایزدی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :