Time 21 جون ، 2024
پاکستان

پنجاب کے بعد سندھ کے مختلف شہروں میں بارش

پنجاب کے بعد سندھ کے مختلف شہروں میں بارش
سکھر، لاڑکانہ اور میھڑ میں شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ سیپکو کے 70 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوگئے/ فائل فوٹو

پنجاب کے بعد سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

سکھر، لاڑکانہ اور میھڑ میں شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ سیپکو کے 70 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوگئے جس کے سبب علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی جہاں فیصل آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

آندھی اور بارش سے کمالیہ میں متعدد سائن بورڈ اور درخت گرگئے، گوجرانوالہ میں بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے جب کہ لاہور، پاک پتن، لودھراں اوربہاول پور سمیت دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

اس کے علاوہ سبی اور ہرنائی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، خوشاب میں بارش کے دوران چھت اور دیواریں گرنے سے 5 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے جب کہ مینگورہ شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش  ہوئی۔

مزید خبریں :