20 جون ، 2024
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہو گیا ۔
لاہور میں دوپہر کے وقت تیز ہواؤں کے ساتھ سرمئی گھٹائیں چھاگئیں ، جس کے ساتھ ہی بارش شروع ہو گئی۔
واسا حکام کے مطابق ائیرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے،گلبرگ میں 15، اپر مال میں 14، نشتر ٹاؤن میں11 ، جوہر ٹاؤن میں 7اور جیل روڈپر ساڑھے 5 ملی میٹر بارش پڑی۔
ادھر جہلم اور گرد و نواح میں بارش کے ساتھ ژالہ باری نے گرمی کی شدت کو تو کم کردیا لیکن متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جبکہ کمالیہ، پاک پتن، حافظ آباد اور گرد و نواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف حصے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے ، سب سے زیادہ درجہ حرارت گوادر، سبی، تربت میں 48، پسنی 46، جیکب آباد، لسبیلہ میں 45، دادو میں 44، چکوال میں 43، اٹک، بہاول پور، سکھر میں 42، فیصل آباد میں 41، اسلام آباد، پشاور میں 39، لاہور میں 38، کراچی میں 37 اور کوئٹہ میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
چیف میٹرولوجسٹ لاہور نے جون کے آخر سے معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔