07 فروری ، 2013
لاہور … لاہور ہائی کورٹ نے پاسکو کو 4 لاکھ ٹن گندم من پسند افراد کے ذریعے فروخت کرنے سے روک دیا اور دوبارہ شفاف طریقے سے اوپن ٹینڈر کے ذریعے نیلامی کا حکم دیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق عدلیہ کے اس بروقت احسن فیصلے سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا فائدہ ہوگا۔ پاسکو کی طرف سے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر من پسند افراد کو 4 لاکھ ٹن گندم فروخت کرنے کے اقدام کو سوشل لیگل اینکر فاوٴنڈیشن نے ایڈووکیٹ افضل اے حیدر کے ذریعے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ جس پر جسٹس شجاعت علی خان نے اس فروخت کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے روک دیا، حکم نامے میں پاسکو انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ 4 لاکھ ٹن گندم کی باقاعدہ شفاف ٹینڈرز کے ذریعے نیلامی کی جائے۔ درخواست گزار کا موٴقف ہے کہ پاسکو کی اس غیر شفاف ڈیل میں انتظامیہ اور بڑے نام ملوث تھے لہٰذا پاسکو قومی خزانے کو 50 سے 60 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانا چاہتا تھا جس پر ہائیکورٹ نے احسن بروقت فیصلہ دی اور قومی نقصان ہونے سے بچ گیا۔