24 جون ، 2024
یورپی یونین کے بعد بھارت نے بھی موبائل ڈیوائسز کی چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔
اس کا مقصد اسمارٹ فونز کے لیے ایک چارجر اور کیبل کے استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق جون 2025 تک بھارت میں تمام کمپنیوں کی موبائل ڈیوائسز کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پہلے کمپنیوں کو مارچ تک ایسا کرنے کی ہدایت کی گئی تھی مگر اب اس مہلت کو جون تک بڑھا دیا گیا ہے۔
یورپی یونین کی طرح بھارت بھی یو ایس بی سی کو موبائل ڈیوائسز کے لیے یونیورسل چارجنگ پورٹ بنانا چاہتا ہے۔
موبائل ڈیوائسز کے بعد 2026 کے آخر تک تمام لیپ ٹاپس کے لیے بھی یو ایس بی سی پورٹ کا استعمال لازمی بنانا ہوگا۔
اس پابندی کا اطلاق تمام کمپنیوں پر ہوگا، مگر وئیر ایبل اور وائرلیس آڈیو ڈیوائسز پر اس کا اطلاق فی الحال نہیں ہوگا۔
اس اقدام کا مقصد الیکٹرونکس کچرے کے مسئلے کی روک تھام کرنا ہے کیونکہ جب تمام فونز میں ایک چارجنگ پورٹ ہوگی تو بس ایک چارجر ہی سب کے لیے کافی ہوگا۔
اس سے قبل یورپی یونین نے موبائل ڈیوائسز تیار کرنے والی کمپنیوں کو 28 دسمبر 2024 تک یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔
اس وقت اسمارٹ فونز میں چارجنگ کے لیے بیشتر کمپنیوں کی جانب سے یو ایس بی سی پورٹ کا ہی استعمال ہو رہا ہے، یہاں تک کہ ایپل نے بھی آئی فون 15 سیریز میں یو ایس بی سی پورٹ کا اضافہ کیا۔
اس سے قبل آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا تھا مگر یورپی قانون کے بعد ایپل کو آئی فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کا اضافہ کرنا پڑا۔