Time 25 جون ، 2024
صحت و سائنس

قیامت خیز گرمی میں حفاظتی تدابیر کیلئے شہری کیا کریں؟ ماہرین صحت کے مشورے

قیامت خیز گرمی میں حفاظتی تدابیر کیلئے شہری کیا کریں؟  ماہرین صحت کے مشورے
گرمی کی شدت بڑھتے ہی مختلف انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے لہٰذاشہری باہر کے کھانے اور مشروبات سے پرہیز کریں: طبی ماہرین/ فائل فوٹو

کراچی میں گرمی کے پیش نظر ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کا مشورہ دیا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق گرمی کی شدت بڑھتے ہی مختلف انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے لہٰذاشہری باہر کے کھانے اور مشروبات سے پرہیز کریں کیوں کہ غیر معیاری مشروبات اور کھانوں سے معدے کے مسائل ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ شہری پانی ابال کرپئیں، بلا ضرورت گھرسے باہر نہ نکلیں جب کہ ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں، باہر نکلتے وقت سر ڈھانپ لیں اور تیز دھوپ کے اوقات میں گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

ماہرین صحت کے مطابق شہری  صبح 11 سے دوپہر 3 بجے تک خود کو براہ راست دھوپ کی تپش سے محفوظ رکھیں،پانی اور  او آر ایس کا استعمال نمکیات کی کمی سے بچا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی شدید گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے، ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا جس کی شدت 51 ڈگری محسوس کی گئی۔

سول اسپتال انتظامیہ کا بتانا ہے کہ  گزشتہ روز شدید گرمی سے سول اسپتال میں 8 مریض انتقال کر گئے   ،گرمی سے متاثرہ 40 سے 45 مریض ایمرجنسی میں لائے گئے تھےتاہم انتقال کرنے والے مریضوں میں پانی کی شدید کمی ہوگئی تھی۔


مزید خبریں :