Time 25 جون ، 2024
کھیل

سیمی فائنل میں پہنچنے پر افغانستان میں خوشی کی لہر، مولوی امیر متقی کا کپتان کو فون

سیمی فائنل میں پہنچنے پر افغانستان میں خوشی کی لہر، مولوی امیر متقی کا کپتان کو فون
شہریوں نے ٹیم کی جیت کی خوشی میں نا صرف آتش بازی کا مظاہرہ کیا بلکہ ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص کرتے رہے—  فوٹو: اسکرین گریب

افغانستان کرکٹ ٹیم تاریخ رقم کرتے ہوئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

افغان ٹیم پہلی مرتبہ کسی بھی فارمیٹ کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ افغانستان نے ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کیا اور سپر 8 مرحلے میں  آسٹریلیا کو بھی شکست دی اور پھر بنگلادیش کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر افغانستان کے مختلف شہروں میں عوام گھروں سے نکل آئی اور ریلیاں نکال کر فتح کا جشن منایا۔

شہریوں نے ٹیم کی جیت کی خوشی میں نا صرف آتش بازی کی بلکہ ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص کرتے رہے۔

دوسری جانب افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے بھی ٹیم کے کپتان راشد خان کو ویڈیو کال کی۔ انہوں نے جیت پر قوم کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور آئندہ بھی مزید کامیابی کیلئے دعائیں دی، ساتھ ہی اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر کپتان  راشد خان نے ان کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ کیلئے بھی پرعزم رہنے کا اظہار کیاـ

خیال رہے کہ جنوبی افریقا اور افغانستان کے درمیان  سیمی فائنل  27 جون جمعرات کو صبح ساڑھے 5 بجے ہوگا۔

مزید خبریں :