27 جون ، 2024
معروف پاکستانی اداکار فیروز خان کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد خوش ہوں اور دعا ہے کہ سب شادی کریں۔
فیروز خان نے گزشتہ دنوں ہی دوسری شادی کی ہے جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیروز خان کی دوسری شادی ڈاکٹر زینب سے ہوئی ہے جوکہ ماہر نفسیات ہیں تاہم فیروز یا ان کے خاندان کی جانب سے ان کی دوسری اہلیہ کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے۔
فیرو خان حال ہی میں کراچی میں ایک فلم پریمیئر کی تقریب میں شریک ہوئے جس دوران بلاگرز نے ان سے دوسری شادی سے متعلق سوال کیا۔
اس کے جواب میں فیروز خان کا کہنا تھا کہ’ الحمد اللہ ! شادی کے بعد خوش ہوں اور اچھا محسوس کررہا ہوں، شادی کے بعد زندگی بدل گئی ہے‘۔
اداکار نے مزید کہا کہ’ میں دعا کرتا ہوں کہ سب یہ خوبصورت عمل ادا کریں اور اپنی شادیوں کو خوش اسلوبی سے نبھائیں‘۔
واضح رہے کہ فیروز خان کی پہلی شادی 2018 میں علیزا سلطان سے ہوئی تھی، اداکار کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 2019 جب کہ بیٹی کی پیدائش 2022 میں ہوئی تھی۔
بعدازاں 2022 میں ہی فیروز اور علیزا کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، علیزا نے الزام عائد کیا تھاکہ فیروز خان انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔