28 جون ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے جواب میں پاکستانی قرارداد کی حمایت سے انکار کردیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کے جواب میں پاکستانی پارلیمنٹ میں قرارداد لائی گئی تو حمایت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ قرارداد دیکھی نہ ہی کسی حکومتی قرارداد کی حمایت کریں گے،حکومت اعتماد میں نہیں لیتی توہم کسی بھی قرارداد کوسپورٹ نہیں کریں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ چین سمیت عالمی مبصرین نے پاکستانی الیکشن پر کیا رپورٹ دی وہ بھی بتایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی شہریوں نے اگرکوئی قرارداد دی تویہ پارٹی کنٹریبیوشن نہیں ان کا ذاتی معاملہ ہے۔
بانی پی ٹی آئی کیخلاف عدت کیس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدت کیس معاملے پر نا انصافی ہوئی، فیئرٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا، یہ بالکل ایک سیاسی انتقام والا جھوٹا کیس تھا۔
انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے پارٹیوں میں ہوتا ہے، تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عام انتخابات سے متعلق امریکی قرارداد کے جواب میں قرارداد لانے کا اعلان کردیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی قرارداد کے مقابلے میں قرارداد ضرور لائیں گے، ہم نے نوٹس لیا ہے اور قرارداد کا مسودہ تیار ہے جو سب سے شیئر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی قرارداد کو پاکستان نے مسترد کردیا ہے اور دفتر خارجہ نے قرارداد پر فوری ردعمل دیا ہے، امریکی کانگریس کی یہ قرارداد بلا جواز ہے۔