30 جون ، 2024
لاہور : پنجاب حکومت نے راولپنڈی سے مری تک ٹورسٹ گلاس ٹرین منصوبے کی منظور دے دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت 5 گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب نے مری ڈیولپمنٹ منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں مری ڈیولپمنٹ پلان، بیوٹی فکیشن، ٹرانسپورٹ، تعمیر وبحالی کے پراجیکٹس اور راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ساتھ ہی مری سمیت ہر شہر ، علاقے اور تاریخی عمارات کے قدیمی نام بحال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مال روڈ پر قدرتی مناظر میں حائل بلند ہائی رائز ہوٹل کی عمارتیں ختم کی جائیں گی، مری کے مشہور جی پی او چوک سے ہوٹل متبادل مقام پر منتقل ہوں گے اور قدیمی عمارتوں پر یکساں صورت اور کلر اسکیم نافذ کی جائے گی۔
اجلاس میں مال روڈ پر قدیمی عمارتوں کی یکساں صورت، سائن اور کلر اسکیم نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
مزید برآں مری میں تعمیرات کیلئے بلڈنگ قوانین میں ترمیم کی منظوری کا اختیار صوبائی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔