01 جولائی ، 2024
قومی کرکٹر شاہین آفریدی میں ٹیم میں سرجری سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں سرجری سے متعلق سوال گول کرگئے اور کہا کہ اس بارے میں وہ کچھ نہیں جانتے لیکن ہمیں کرکٹ میں بہت کچھ درست کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے ایک بار پھر ورلڈ چیمپئن بننے پر شاہین نے کہا کہ بھارت نے اچھی کرکٹ کھیلی، جب محنت کرتے ہیں تو رزلٹ اچھا ملتا ہے، جو ٹیم پروسس کے ساتھ آتی ہے وہ کامیاب ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے، پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پرفارمنس پر ہے، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، قوم جلد بڑی سرجری ہوتے ہوئے دیکھے گی۔