Time 02 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بیٹی کی پیدائش پر اس کو مارنے کے خیالات آرہے تھے: ثروت گیلانی کی ویڈیو وائرل

پاکستان کی معروف ماڈل، فلم و ٹی وی انڈسٹری کی اداکارہ ثروت گیلانی نے پوسٹ پارٹم ڈپریشن سے گزرنے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

حال  ہی میں اداکارہ ثروت گیلانی نے نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے پوسٹ پارٹم ڈپریشن پر کھل کر بات کی جس کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

شو میں موجود دیگر  اداکاراؤں نے بچوں کی پرورش کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر بات کی جس پر ثروت گیلانی نے پوسٹ پارٹم ڈپریشن سے گزرنے کا اعتراف کیا۔

ثروت گیلانی نے شو کے دوران بتایا کہ پہلے میرے ہاں دو بیٹوں کی پیدائش ہوئی مگر میں نے پوسٹ پارٹم ڈپریشن کا تجربہ نہیں کیا تھا مگر تیسری اولاد، بیٹی کی پیدائش پر میں خود سرجری کے سبب بہت تکلیف میں تھی۔

اداکارہ کا بتانا تھا کہ چونکہ میرا آپریشن ہوا تھا اس لیے میری بیٹی سے پہلی ملاقات بھی اسپتال میں چار دن بعد ہوئی، چار دن بعد میں نے جب اپنی بیٹی دیکھی تو اسے دودھ پینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، اس دوران میرے ذہن میں اپنی بیٹی کو زمین پر گرا دینے جیسے خیالات آئے کہ اگر میں اسے گرا دیتی ہوں تو یہ ساری تکلیف اور پریشانی یہیں ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسے خیالات آنے پر میں زار و قطار رو پڑی اور پھر اپنے شوہر فہد مرزا سے بات کی کہ میں اپنی بیٹی کو مار دینا چاہتی ہوں، اس پر میرے شوہر نے مجھے بتایا کہ یہ پوسٹ پارٹم ڈپریشن ہے، بچے کی پیدائش کے بعد ایسے خیالات آنا معمول کی بات ہے، مجھے اس لیے ایسے خیالات آرہے ہیں کیوں کہ میں ڈپریشن سے گزر رہی ہوں، میرے شوہر نے مجھے کہا کہ یہ میرے مستقل جذبات نہیں ہیں، بس وقتی طور پر میں ایسا سوچ رہی ہوں۔

واضح رہے کہ اداکارہ ثروت گیلانی نے اداکار و نامور پلاسٹک سرجن فہد مرزا سے 2014 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کے دو بیٹے، روحان مرزا اور عریز محمد مرزا ہیں۔ اداکارہ کے ہاں دسمبر 2023 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

پوسٹ پارٹم ڈپریشن کیا ہے؟

بچے کی پیدائش کے بعد اکثر اوقات خواتین میں اداسی، اضطراب، پریشانی اور تھکاوٹ کے شدید احساسات پیدا ہو جاتے ہیں جو بچے کی پیدائش کے بعد طویل عرصے تک رہتے ہیں۔

مزید خبریں :