Time 04 جولائی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

ایکس میں ری پوسٹ، لائیک اور ریپلائی بٹن ختم کرنے کا فیصلہ

ایکس میں ری پوسٹ، لائیک اور ریپلائی بٹن ختم کرنے کا فیصلہ
ابھی اس تبدیلی کی آزمائش آئی او ایس ایپ میں کی جا رہی ہے / رائٹرز فوٹو

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) میں ایک اور ایسی بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے جو صارفین کو بالکل پسند نہیں آئے گی۔

ایلون مسک کی زیر ملکیت پلیٹ فارم کی پوسٹس میں ری پوسٹ (ری ٹوئٹ)، لائیک اور ریپلائی بٹن ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکس کے ایک صارف نے اس نئے ڈیزائن کے بارے میں بتایا تھا اور پھر ایلون مسک نے اس کی تصدیق کی۔

ایلون مسک نے بتایا کہ بٹنوں کی بجائے دائیں یا بائیں جانب سے swipe کرنے سے لائیک اور ریپلائی کرنا ممکن ہوگا۔

لائیک اور دیگر بٹن ختم کیے جانے کے بعد صرف ویو کاؤنٹ کا آپشن ہی پوسٹس میں نظر آئے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ ایسا کب تک ہوسکتا ہے مگر اس تبدیلی کی آزمائش ایکس کی آئی او ایس ایپ میں کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2022 میں ایکس کو خریدنے کے بعد ایلون مسک کی جانب سے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

سب سے بڑی تبدیلی تو 2023 میں اس وقت کی گئی جب اس کا نام ٹوئٹر سے بدل کر ایکس رکھ دیا گیا۔

حال ہی میں ایکس میں پبلک لائیکس کے آپشن کو پرائیویٹ کر دیا گیا۔

یعنی اب ایکس میں یہ دیکھنا ممکن نہیں کہ کسی پوسٹ کو کس نے لائیک کیا، البتہ لائیک کاؤنٹ ابھی تک موجود ہے۔

مگر اب ایلون مسک نے پوسٹس سے ری پوسٹ اور لائیک بٹنوں کو ہٹانے کی تصدیق کی ہے۔

اس تبدیلی کا عندیہ وہ کافی عرصے سے دے رہے تھے۔

اکتوبر 2023 میں انہوں نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا تھا کہ ہم ایکس ٹائم لائن سے تمام ایکشن بٹن (لائیک، ری پوسٹ اور دیگر) کو ہٹا دیں گے اور صرف ویو کاؤنٹ شو ہوگا۔

البتہ ابھی ایلون مسک نے یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ نئی تبدیلی کارآمد ثابت نہ ہوئی تو اس فیصلے پر یوٹرن لیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :